گورنر پنجاب چوہدری سرور برطرف، وجہ کیا بنی؟
وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر کے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر لگا دیا ہے.
اتوار کی صبح وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پہلے چوہدری سرور کو برطرف کرنے اور بعد ازاں عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کرنے کی ٹویٹ کی.
قبل ازیں دو گھنٹے کے لیےپنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو قائم مقام گورنر پنجاب تعینات کیا گیا تھا.
ادھر صحافی حامد میر کے مطابق چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ان کو وزیراعظم عمران خان غیر آئینی اقدامات پر مجبور کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔
ٹویٹ میں حامد میر نے لکھا کہ ‘چوہدری سرور نے بتایا کہ وفاقی حکومت چاہتی تھی کہ آج کا پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلاؤں، اور جب انہوں نے انکار کیا تو چوہدری پرویز الہیٰ کے مطالبے پر مجھے عہدے سے برطرف کر دیا۔’

