تم ایک چھوٹے سے آمر کے سوا کچھ نہیں: بلاول کا خان کو جواب
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ’ایک چھوٹا سا آمر‘ قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد اسمبلیاں تحلیل نہیں کی جا سکتیں۔
اتوار کی شام عمران خان نے ٹویٹ میں عام انتخابات کے اعلان کے بعد پی ڈی ایم کے ردعمل پر حیرانی کا اظہار کیا تھا۔
اس کے جواب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران کی ٹویٹ ریٹویٹ کر کے لکھا کہ تم ’ایک چھوٹے سے آمر‘ ہو۔
قومی اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد عمران نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’عام انتخابات کے اعلان پر پی ڈی ایم کے ردعمل پر حیران ہوں، اِنہوں نے تو آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا کہ ہماری حکومت ناکام ہوگئی ہے اور عوام میں اپنی تائید و مقبولیت کھو بیٹھی ہے تو پھر اب انتخابات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ جمہوری لوگ تو حمایت کے لیے ہمیشہ عوام سے ہی رجوع کرتے ہیں۔‘
عمران خان نے لکھا کہ ’کیا پی ڈی ایم کے لیے یہ بہتر نہیں کہ حکومت گرانے کی غیر ملکی سازش میں آلہ کار بننے اور ضمیروں کی شرمناک منڈیاں سجا کر ہمارا قومی اخلاقی ڈھانچہ تباہ کرنے کے بجائے انتخابات قبول کرے؟
اس کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘آپ کی بغاوت کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، قبل از وقت الیکشن آپ کا نہیں ہمارا مطالبہ تھا۔ عدم اعتماد، انتخابی اصلاحات، قبل از وقت اور شفاف الیکشنز طویل عرصے سے ہمارے مقاصد کا حصہ تھے۔‘
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوجائے تو آپ اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے اور سپیکر ووٹنگ کے بغیر سیشن ختم نہیں کرسکتا۔‘
بلاول نے عمران خان کو کہا کہ ’آج ثابت کردیا ہے کہ سوائے ایک چھوٹے سے آمر کے کچھ نہیں، جس کی انا ہمارے آئین سے بھی بڑی ہے۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ووٹ کے ذریعے آپ کو پارلیمنٹ سے نکالنے کے لیے تیار ہیں، اور ووٹ کے ذریعے ہی الیکشن میں بھی شکست دیں گے۔‘

