حمزہ شہباز بمقابلہ پرویز الہیٰ، لاہور ہائیکورٹ فیصلہ کرے گی
لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے لیے دائر درخواست پر اعتراض ختم کر کےسماعت کے لیےمنظور کرلیا ہے۔
جمعے کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت صوبے میں وزیراعلیٰ کے چناؤ کے لیے اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم جاری کرے۔
درخواست میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی، سیکرٹری اسمبلی، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوری انتخاب کا حکم دے تاکہ آئینی بحران ختم ہو سکے۔
عدالت عالیہ تمام متعلقہ حکام جن کو اس درخواست میں فریق بنایا گیا ہے کو حکم دے کہ وہ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’یکم اپریل سے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ خالی ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک ابھی تک زیرِالتوا ہے۔ تاہم وزیراعلیٰ کے استعفے کے بعد یہ تحریک غیرمؤثر ہوئی اور 2 اپریل کو نئے وزیراعلیٰ کا انتخابی عمل شروع ہوا۔‘
درخواست کے مطابق ’پرویزالٰہی اور حمزہ شہباز امیدوار کے طور پر سامنے آئے، کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد 3 اپریل صبح ساڑھے 11 بجے انتخاب کا وقت مقرر ہوا۔ ڈپٹی سپیکر نے بغیرکسی وجہ کے انتخاب کے لیے بلایا گیا اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کر دیا۔‘

