اربوں کی کرپشن کا الزام، بشری بی بی کی دوست فرح خان بول پڑیں
وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے خود پر اربوں روپے کی رشوت، ٹھیکوں اور کرپشن کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کی۔
فرح خان نے جمعے کو ٹویٹ کیا کہ ’میں اپنے اور خاندان کے افراد پر لگائے گئے تمام الزامات اور افواہوں کی مذمت کرتی ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی سیاست میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی میں کسی ایسی پوزیشن پر رہی کہ حکومتی امور میں مداخلت کر سکوں۔‘
فرح خان نے کہا کہ ’جن لوگوں نے میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی ہے وہ اپنی بہنوں کی فکر کریں۔‘
انہوں نے لکھا ’میں اور میرے شوہر پہلے ہی اپنے کاروبار کے بارے میں بیان جاری کر چکے ہیں۔ جو لوگ مجھ سے وابستہ ہیں انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔‘

