فرانس کے صدارتی الیکشن میں ایمانویل مٰیکخواں کی دوسری بار فتح
Reading Time: < 1 minuteفرانس کے صدارتی الیکشن میں ایمانوئل میکخواں دوسری بار منتخب ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے آئپسوس پولنگ انسٹیٹیوٹ کے حوالے سے بتایاکہ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں میکخواں نے 58 اعشاریہ دو فیصد ووٹ حاصل کیے۔
فرانس میں اتوار کو شام پانچ بجے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 63 اعشاریہ دو فیصد تھا، جبکہ 2017 میں ہونے والے الیکشن میں یہ شرح 65 فیصد تھی۔
ووٹ ڈالنے کی شرح 10 اپریل کو ہونے والے پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں بھی دو فیصد کم رہی جبکہ میکخواں قریب ترین حریف ماری لا پین سے آگے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر پولنگ کا تجزیہ کرنے والے اداروں کا اندازہ ہے کہ اس بار غیرحاضری کی شرح 28 فیصد تک تھی، اگر اس کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ 1969 کے بعد سے ہونے والے صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ ہو گی۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا تھا کہ کم ٹرن آؤٹ حتمی نتائج کو کسی بھی سمت میں تبدیل کر سکتا ہے جبکہ مختلف جائزوں سے یہ بات بھی سامنے آ چکی تھی کہ میکخواں کو گزرے دو ہفتوں میں اپنی حریف لی پین پر واضح برتری حاصل تھی۔