شمالی وزیرستان میں فوج پر خودکش حملے میں تین بچوں سمیت چھ ہلاک
پاکستان کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں ایک خودکش دھماکے میں تین فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سنیچر کو ہونے والے اس خودکش دھماکے میں پاکپتن کے 33 سالہ لانس حوالدار زبیر قادر، ہری پور سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ سپاہی عزیر اصفر، ملتان کے 22 سالہ سپاہی قاسم مقصود سمیت تین بچے بھی جان سے گئے ہیں۔
خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں احمد حسن، احسن اور انعم کی عمریں بالترتیب 11، آٹھ اور چار سال تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

