ماں، ماں، ، کراچی دھماکے میں ہلاک خاتون کے بچے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے
کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کھارادر کی بمبئی مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں ایک خاتون ہلاک اور 11 افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکے میں ہلاک ہونے والی خاتون کے ساتھ جائے وقوعہ پر اس کے بچے کی ویڈیو سامنے آئی جس میں بچہ ماں کو اٹھنے کے لیے کہہ رہا ہے، جبکہ خاتون کی موت واقع ہو چکی ہے۔
ماری جانے والی خاتون کا نام ثانیہ تھا۔ ان کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ ثانیہ کے چار بچے ہیں اور وہ سلائی کا کام کرتی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جب دھماکہ ہوا اس وقت شہریوں کی بڑی تعداد اس مقام پر موجود تھی۔
پولیس کے مطابق یہ کپڑا مارکیٹ ہے اور یہاں خواتین کے برقعے سمیت دیگر کپڑے فروخت کیے جاتے ہیں۔ عموماً رات 11 بجے تک یہاں چہل پہل رہتی ہے جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت بھی یہاں لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھارا در دھماکے میں بال بیرنگ کا استعمال کیے گئے اور یہ صدر دھماکے سے مماثلت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اندازہ ہے کہ موٹر سائیکل کے پچھلے حصے میں آئی ای ڈی لگی تھی۔ یہ بھی لگتا ہے موبائل ڈیوائس استعمال ہوئی تاہم رپورٹ سے حتمی پتا چلے گا۔‘
زخمیوں میں کھارادر پولیس کا ایک اے ایس آئی بھی شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے.

