مریم نواز نے عمران خان کی حکومت گرائے جانے کی وجہ بتا دی
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے عمران خان کی حکومت اس لیے گرائی تاکہ اس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا منصوبہ ختم کیا جا سکے۔
جمعرات کو سرگودھا میں عوامی جلسے سے خطاب میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی آستین میں ایک سانپ چھپ کر بیٹھا ہے اور اس فتنے کا نام عمران خان ہے۔
مریم نواز نے مہنگائی کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنے کا ذکر کرتے ہوئے جلسے کے شرکا سے پوچھا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اس مٹی کا بیٹا ہے اپنی حکومت چھوڑ دے گا لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گا۔ ایسی حکومت کو خیرآباد کہنا بہتر ہے جس سے لوگوں پر مہنگائی ٹوٹے۔‘
مسلم لیگی رہنما نے پوچھا کہ ’نواز شریف اگر آپ کی خاطر حکومت چھوڑتا ہے تو کیا اُس کو دو تہائی اکثریت دو گے؟‘
مریم نواز نے کہا کہ ان کی جماعت نے حکومت میں آ کر عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے منصوبے کو ختم کر دیا ہے۔ ’عمران خان تم بال نوچو، الٹے لٹک جاؤ یا دانت پیسو، تمہارا کھیل ختم شد۔‘
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ’جس کو کہتے تھے اس کی سیاست ختم ہو گئی، آج اسی کو کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آ جاؤ تمہاری ضرورت پڑ گئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شہر شہر گلی گلی دھماکے ہوتے تھے دہشت گردی ہوتی تھی نواز شریف نے سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ملک میں امن بحال کیا۔ تین سال کے اندر نواز شریف، شہباز شریف نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مٹا ڈالے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی کہ ایک کھلنڈرے، ایک نااہل، ایک اناڑی کو لا کر عوام کے سروں پر مسلط کیا گیا، اور تین سال میں لوڈشیڈنگ واپس آ گئی اور معیشت وینٹی لیٹر پر چلی گئی، دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ چار سال پاکستان کی تباہی و بربادی کی اور آج وہ پوچھ رہا ہے کہ چار ہفتوں میں شہباز شریف نے کیا کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی 40 تقاریر میں ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پر بولنے کے قابل نہیں۔ ’یہ ازل کا جھوٹا ہے۔ پہلے 35 پنکچرز کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا، پھر خط کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا۔ غیرملکی سازش کا ڈرامہ لے آیا ثبوت نہیں، اب اپنے قتل کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا۔‘

