پیٹرول اور ڈیزل 30 روپے فی لیٹر مہنگا، مہنگائی کا نیا طوفان
پاکستان میں حکومت نے پٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر اضافہ کیا ہے.
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس میں اضافے کا اعلان کیا.
اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 180 روپے، ڈیزل 174روپے، کیروسین آئل کی قیمت 155روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل 148روپے ہو گیا ہے.
وزیر خزانہ نے بتایا کہ تیس روپے قیمت بڑھانے کے بعد ڈیزل پر حکومت 56.71 روپے، پٹرول پر 37.84 روپے لائٹ ڈیزل، 21.83 روپے کیروسین آئل اور 17.02 روپے پٹرول پر نقصان کر رہی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں، عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے.
وزیر خزانہ کے مطابق پٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب طبقہ دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں.
وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم قیمتیں بڑھائے بغیر آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں مل سکتا، سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے.
وزیر خزانہ کے مطابق پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرتے تو روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ میں گرتی ہے، روپے کی قدر گرنے سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے.
وزیر خزانہ کے مطابق عمران خان کو جب لگا کہ ان کی حکومت جانے لگی ہے تو انہوں نے بارودی سرنگ رکھ دی ہے.

