یوکرین کے لیے فوجی ڈرون کی خریداری، یورپی ملک کے شہریوں کی چندہ مہم
Reading Time: 2 minutesیورپ کے ملک لیتھوانیا کے شہریوں نے روس کے خلاف یوکرین کی مدد کے لیے چندہ اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہےجس سے جدید فوجی ڈرون خریدے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ویلیئس شہر میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے۔
اس مہم کے دوران صرف تین روز میں 30 لاکھ یورو اکٹھے ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 50 لاکھ یورو کی ضرورت ہے۔
32 سالہ ایگنے بلیکیٹ نامی خاتون، جنہوں نے بدھ کو شروع ہونے والی مہم میں 100 یورو دیے، کا کہنا ہے کہ ’یہ جنگ شروع ہونے سے قبل ہم میں سے کسی نے نہیں سوچا تھا کہ ہم کبھی بندوقیں خریدیں گے۔ مگر اب یہ معمول کی بات ہے۔ دنیا کی بہتری کے لیے کچھ کیا جانا چاہیے۔‘
انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ ’میں کچھ عرصہ سے یوکرین کے لیے اسلحے کی خریداری کے لیے چندہ دے رہی ہوں اور تب تک دیتی رہوں گی جب تک وہ فتح حاصل نہیں کر لیتا۔‘
حالیہ برسوں کے دوران شام اور لیبیا میں روسی فوجوں اور اس کے اتحادیوں کے خلاف ڈرون بہت موثر ثابت ہوئے ہیں۔
لیتھیوانیا کی وزارت دفاع کے حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ ان کا ترکی سے ڈرون خریدنے کا ارادہ ہے، جس پر اگلے ہفتے دستخط ہوں گے۔
یوکرین نے حالیہ برسوں کے دوران ترکی کی کمپنی بیکر سے 20 سے زائد بیکریکٹر ٹی بی 2 خریدے اور 27 جنوری کو مزید 16 کا آرڈر دیا تھا، جو کہ مارچ کے آغاز میں اس کو دے دیے گئے تھے۔
لیتھوانیا میں یوکرین کے سفیر بیشتا پیٹرو نے لیسویس ٹی وی کو بتایا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ عام لوگ فوجی ڈرون جیسی اشیا خریدنے کے لیے چندہ دے رہے ہیں۔ یہ ناقابل یقین ہے اور اس کی مثال نہیں ملتی۔‘