پاکستان

لانگ مارچ میں پولیس کو مداخلت سے روکا جائے، پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں درخواست

جون 1, 2022

لانگ مارچ میں پولیس کو مداخلت سے روکا جائے، پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں درخواست

پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ لانگ مارچ کی اجازت اور پولیس کو مداخلت سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

بدھ کو دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی اور پنجاب حکومت کو احتجاج کے لئے اجازت کا حکم دے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انتظامیہ کو حکم دیا جائے’احتجاج کے دوران کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے اور راستے میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں۔‘

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے کیونکہ اس کا مقصد کارکنان میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے اور اگر حکومت اس مقصد میں کامیاب ہو گئی تو یہ اظہار رائے، آئین اور جمہوریت کی نفی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’آئین براہ راست پاکستانی عوام اور ریاست کے درمیان ایک معاہدہ ہے۔ آئین پاکستان درحقیقت عوام کی خواہش شہریوں کی آزادی، اظہار رائے، برابری، برداشت اور سماجی انصاف کا حق دیتا ہے۔ُ

’درخواست گزار ایک سیاسی جماعت ہے جو 1996 میں رجسٹرڈ ہوئی۔ تحریک انصاف کا منشور رہا ہے کہ پاکستانی عوام کے مفاد کے مطابق آزاد خارجہ پالیسی اور ملکی سالمیت کے مطابق ہو۔ پورے ملک میں بدعنوانی کا سدباب بھی تحریک انصاف کا منشور ہے۔‘

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون کی حکمران، بنیادی حقوق کے تحفظ اور کرپشن کی روک تھام کے لیے جدوجہد کی ہے۔ 2018 کے رام انتخابات میں تحریک انصاف واحد جماعت تھی جس نے سب سے زیادہ نشستیں لیں۔ 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف نے وفاق کے علاوہ پنجاب اور کے پی حکومت قائم کی۔

’عمران خان ملک کے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ تحریک انصاف کی حکومت اپریل 2022 تک قائم رہی۔ تحریک انصاف کی حکومت کو ایک مذاق، منصوبہ بندی اور سازش کے تحت لائی گئی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم کیا گیا۔ غیرقانونی طریقے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹایا گیا اور غیرمنتخب اور نااہل فرد کو وزیراعلیٰ پنجاب کئ کرسی پر بٹھایا گیا۔‘

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ’سازش کے تحت رجیم تبدیل کرنے کے خلاف تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔ آئین میں شہری حقوق کے مطابق تحریک انصاف کا احتجاج پر امن رہا۔ درخواست دائر کرنے کا مقصد آئین کی تشریح اور عوامی نوعیت کے سوالات سے متعلق ہے۔‘

’پرامن احتجاج کی ضمانت آرٹیکل 15, 16, 17 اور 19 میں دی گئی ہے۔ پرامن احتجاج اور اظہار رائے کے ذریعے سے ہی قائداعظم کی قیادت میں پاکستان نے برطانوی سامراج سے اور ہندوؤں کی اکثریت سے آزادی حاصل کی تھی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے