تحریک انصاف کی درخواست میں اہانت آمیز پیرا گراف کی نشاندہی، سپریم کورٹ نے واپس کر دی
سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی لانگ مارچ کی اجازت دینے اور پولیس کو گرفتاریوں کو روکنے کے لیے دائر درخواست تین اعتراضات لگا کر واپس کر دی ہے۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے تحریک انصاف کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے لکھا کہ تحریک انصاف نے جو ریلیف مانگا سپریم کورٹ اس پر پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے۔
رجسٹرار نے اعتراض کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے دیگر فورمز کی دستیابی کے باوجود سپریم کورٹ سے براہ راست رجوع کیوں کیا اس کی وجوہات نہیں بتائیں۔
تیسرے اعتراض میں رجسٹرار کے دفتر نے قرار دیا کہ تحریک انصاف کی درخواست کے چار پیراگراف ایسے ہیں جن میں اہانت آمیز زبان استعمال کی گئی۔
خیال رہے کہ ان پیراگراف میں پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کے خاتمے اور تحریک عدم اعتماد کو سازش قرار دیا تھا۔

