فارن اکاؤنٹس فریز کرنے کا منصوبہ نہیں، معاشی بحران سے نکل آئے: وزیر خزانہ
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ فارن کرنسی اکاؤنٹس یا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کو فریز کرنے یا لوگوں کے نجی لاکرز کو ضبط کرنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں.
پیر کو اپنے ایک بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا ’ہم نے اس طرح کے اقدامات کا کبھی سوچا اور نہ ہی ہم کبھی ایسا کریں گے۔‘
وزیر خزانہ کا کہنا تھا ’اس حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں غلط ہیں اور متعصب حلقوں کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں۔‘
قبل ازیں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا ’ملک میں کوئی بھی معاشی ایمرجنسی نافذ نہیں کی جا رہی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں دو بار اضافےکے بعد ہم معاشی بحران سے نکل آئے ہیں۔‘
انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’وزیراعظم کسی بھی وقت حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری کے اقدامات سے متعلق اعلان کریں گے۔‘

