وزیرستان اور بنوں میں دریافت گیس فوری عوام کو دی جائے: وزیراعظم
پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے حوالے سے قومی سطح پر اہم بریک تھرو میں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرستان اور بنوں سے دریافت شدہ گیس عوام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو ایک بیان میں وزیراعظم نے دریافت ہونے والی گیس عوام کو فوری فراہم کرنے کی منظوری دی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے ایک ٹریلین کیوبک فُٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے جن کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کے لیے استعمال میں لانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم سے فوجی فاونڈیشن گروپ کے چیئرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پیٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر کی ملاقات میں یہ ہدایت کی۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکریٹری پیٹرولیم بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم کو شمالی وزیرستان، بنوں میں نئے دریافت شدہ ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور گیس کے شعبے کی مجموعی صورتحال، طلب اور رسد سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ علاقوں کے عوام کے لیے دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور علاقے کی ترقی ، سماجی بہبود ، تعلیم ، صحت کے حوالے سے سفارشات طلب کیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں سے گیس نکلی ہے، وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا؟ اس کا منصوبہ تیار کر کے دیا جائے۔

