پاکستان

ریلوے ہسپتال راولپنڈی کے پروفیسر ڈاکٹر عمر آواب پراسرار طور پر لاپتہ

جون 10, 2022

ریلوے ہسپتال راولپنڈی کے پروفیسر ڈاکٹر عمر آواب پراسرار طور پر لاپتہ

اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہاسپٹلز، آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے ہسپتال کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عمر آواب پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔

ڈاکٹر عمر چھ جون کو ہسپتال سے معمول کی ڈیوٹی کے بعد گھر کے لئے روانہ ہوئے تاہم گھر نہیں پہنچ سکے،ان کے زیر استعمال گاڑی بے نظیر ہسپتال کی پارکنگ سے ملی، موبائل فون تب سے بند جارہا ہے۔

آئی آئی ایم سی ٹی منتظمین اور اہلخانہ نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے۔

ڈاکٹر عمر آواب کے داماد کی جانب سے تھانہ رتہ امرال میں دفعہ 365 کے تحت ان کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔

پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

تھانہ رتہ امرال پولیس نے بھی ڈاکٹر عمر آواب کی تلاش کے لئے تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے منتظمین نے ڈاکٹر عمر آواب کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ، وزیراعلی پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عمر اواب کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کا نوٹس لیا جائے تاکہ ان کی جلد بحفاظت بازیابی یقینی ہوسکے ۔

ڈاکٹر عمر آواب 20سال سے زائد صحت کے شعبہ میں بہترین خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ اس دوران اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ پیش آیا ہے۔ ان کے اہلخانہ بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چئیرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے ڈاکٹر عمر آواب کی جبری گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور پڑھے لکھے لوگوں کو غائب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے فوری طور پر ڈاکٹر عمر آواب کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے جبری گمشدگیوں جیسی مکروہ روایات کے خاتمے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے