لاپتہ افراد کی بازیابی کے مظاہرین پر تشدد، وزیراعلی سندھ کا نوٹس
پاکستان کے شہر کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کیے گئے احتجاج پر لاٹھی چارج کے معاملے کا وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلی سندھ نے واقعہ کے حقائق جاننے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جسے سات دن کے اندر رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ مظاہرین پر تشدد اور غیر قانونی گرفتاری کے الزامات کا جائزہ لیا جائے اور کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بلوچ لاپتہ طلبا کی بازیابی کے لئے احتجاج کیا گیا تھا۔ پولیس نے سندھ اسمبلی کے قریب مظاہرین پر لاٹھی چارج کر کے انہیں منتشر کر دیا تھا۔
مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں ، پولیس نے ریڈ زون کی خلاف ورزی کے الزام میں ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھاجس میں خواتین بھی تھیں۔
بعدازاں پولیس نے انھیں تنبیہ کے بعد چھوڑ دیا تھا۔

