معروف اینکر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں گزشتہ ہفتے انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
منگل کوکراچی پولیس سرجن کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے تشکیل دیے گئے بورڈ کی سربراہی ڈاکٹر سمعیہ سید کریں گی۔
بورڈ عدالتی احکامات کی روشنی میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے ہفتے کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیا تھا۔
کراچی سٹی کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کیا۔
معروف ٹی وین اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین 9 جون کو اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جبکہ ہسپتال پہنچنے پر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عامر لیاقت حسین کے ورثا کی جانب سے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی درخواست پر نماز جنازہ بھی تاخیر کا شکار ہوا تھا۔
عامر لیاقت کی موت کی اطلاع کے فوراً بعد ان کی پہلی بیوی سیدہ بشری اپنی بیٹی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پہنچیں اور انتظامیہ کو پوسٹ مارٹم سے منع کر دیا تھا۔