پاکستان

اسلام آباد سے وادی کالام تک

جولائی 2, 2022 3 min

اسلام آباد سے وادی کالام تک

Reading Time: 3 minutes

ستارہ. اسلام آباد
شدید گرمی کی لہر نے جہاں پورے ملک کو اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے، وہیں شمالی علاقوں اور سوات کالام کی دلکش اور حسین وادیاں تپتے موسم میں دسمبر کی یخ بستہ شاموں کا احساس دلاتی ہیں ۔

اسلام آباد سے سوات براستہ موٹروے ، کم و بیش 250 کلومیٹر کے طویل سفر میں تقریباً 3 سے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔

سوات میں سیروسیاحت کے لئے خاص کر مالم جبہ، ڈاگے، کبل، سیدو شریف، شریف آباد، خوازہ خیلہ، بحرین، مدین، کالام، میلگا اور خزانہ زیادہ تر مشہور ہیں۔ مینگورہ پہنچ کر سوات سے ملحقہ علاقوں کی سیرمیں سرفہرست نام وادی کالام کا آتا ہے۔

یہ مینگورہ سے تقریباً 99 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

کالام وادی سوات کا ایک خوبصورت گاؤں ہے جو سطح سمندر سے اس کی بلندی 6,800 فٹ ہے۔

یہاں گرمیوں میں موسم نہایت خوشگوار رہتا ہے اور سردیوں میں شدید سردی اور برف باری ہوتی ہے۔

کالام ایک مشہور سیاحتی مقام ہے، جہاں دن میں اس وادی کےاونچے پہاڑ، گرتی آبشاریں اور سرسبزوشاداب نظارے انسان کا دل موہ لیتے ہیں وہیں اس وادی میں موجود چھوٹے چھوٹے بازار سیاحوں کی موجودگی کے باعث رات کو ایک جاگتےشہر کا احساس دلاتے ہیں ۔ یہاں سیاحوں کے لیے کافی تعداد میں قیام گاہیں اور مہمان خانے موجود ہیں۔ تاہم اچھی سڑک نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو یہاں پہنچنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

پاکستان میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کی جانب سے موسم گرما میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ان تنظیموں میں ایک نمایاں نام Hawks کا ہے، جو ہر سال پاکستان بھر سے نوجوانوں کو فلاح و بہبود اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے مختلف کیمپوں کا انعقاد کرتے ہیں۔

پرانی روایت برقرار رکھتے ہوئے، رواں سال بھی ہاکس یوتھ وژن کے زیر اہتمام تیسرا ینگ لیڈرز کیمپ، ضلعی یوتھ افیئرز سوات، ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز بنوں، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز گورنمنٹ کے پی اور ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ کے پی کہ اشتراک سے کالام سوات میں منعقد کیا گیا.

اس کیمپ میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات اور مختلف شعبہ ہائے کے کارکنان نے حصہ لیا ۔ کیمپ کا بنیادی مقصد انٹرپرینیورشپ، لیڈرشپ سکلز اور پرسنل ڈویلپمنٹ پر نوجوانان کی رہنمائی کرنا تھا جس میں ماہر ٹرینرزنے شرکت کی اور اپنے تجربات سے آگاہ کیا ۔

شرکاء نے مختلف معلوماتی اور تربیتی سیشنز میں حصہ لیا جس میں لیڈر شپ سکلز، ہائیکنگ ، اور نیٹ اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت مہوڈنڈ جھیل میں صفائی سرفہرست ہیں ۔ اس کیمپ کی نمایاں کامیابی ثقافتی تبادلہ اور باہمی مفاہمت کے تحت شرکاء میں مکالمہ اور نوجوانوں کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے لیے گفتگو رہی۔

اس موقع پر سوات کے لوگوں کی مہمان نوازی نے جہاں علاقے کا اچھا تاثر دیا وہیں دور دراز کے علاقوں سے آنے والوں کو یہاں کے تہذیب وتمدن اور ثقافتی ورثے کے بارے میں آ گاہی دی۔

اس سرگرمی نے جہاں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ۔ امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سماجی اور فلاحی کاموں میں Hawks اپنا نمایاں کردار ادا کر ے گی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے