’جن کی تربیت عمران نیازی نے ہٹلر کی پلے بک سے کی‘
اسلام آباد لاہور موٹروے پر میکڈونلڈ میں وفاقی وزیر احسن اقبال پر نعرے بازی کرنے والے ایک خاندان اور خواتین اس وقت سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی زد میں ہے۔
اس خاندان کی احسن اقبال کو برگر کے لیے مشہور ریستوران میں دیکھ کر چور، چور کے نعرے لگانے کی ویڈیو صارفین نے شیئر کر کے چہرے واضح کیے ہیں۔
احسن اقبال نے بھی رات گئے ویڈیو سے چہروں کی تصاویر لے کر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: یہ وہ چہرے ہیں جن کی تربیت عمران نیازی نے ہٹلر کی پلے بک سے کی ہے۔ عام زندگی میں لوگ انہیں پڑھا لکھا سمجھتے ہوں گے لیکن تہذیب محض تعلیم سے نہیں آتی۔
احسن اقبال کے مطابق والدین کی تربیت، صحبت اور زندگی میں انسان کسے فالو کرتا ہے یہ عناصر انسان کو خواہ وہ کتنا تعلیم یافتہ ہو اسے گنوار بھی بنا سکتے ہیں۔
ہزاروں صارفین نے نعرے بازی کرنے والی خواتین کے طرز عمل کی مذمت کی تاہم عمران خان کے بعض مداحوں نے اس عمل کی تحسین بھی کی۔
ندیا اطہر نے لکھا کہ عدم برداشت کے اس رویے کا کوئی توڑ ضرور ہونا چاہیے۔

