پاکستان

ضمنی الیکشن مہم، ایاز صادق اور سلمان رفیق وزراتوں سے مستعفی

جولائی 10, 2022

ضمنی الیکشن مہم، ایاز صادق اور سلمان رفیق وزراتوں سے مستعفی

پاکستان کے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور پنجاب میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اپنی وزارتوں سے استعفے دے دیے ہیں۔

سنیچر کی شام وفاقی وزیر ایاز صادق کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجے گئے استعفے میں انہوں نے لکھا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر وزارت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

ادھر پنجاب کے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نام اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات اور مصروفیات کے باعث وزارت چھوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مسلم لیگ ن متحد ہے اور بے جا افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔ ’میں اور ایاز صادق صاحب الیکشن مہم میں حصہ لینے کی وجہ سے وزارتوں سے مستعفی ہوئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مسلم لیگ ن کا شیوہ نہیں۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں سیسہ پلاٸی دیوار کی مانند متحد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق اور سلمان رفیق نے ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کے لیے اپنی وزارتوں سے استعفے دیے۔ ’انشااللّٰہ جلد واپس آ کر اپنی وزارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے