پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف ڈی جی نیب کی درخواست، اٹارنی جنرل طلب
اسلام آبادہائیکورٹ نے طیبہ گل کے ہرا ساں کیے جانے کے الزامات پر ڈی جی نیب میجر (ر)شہزاد سلیم کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں طلبی کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا ہے.
جمعے کو مذکورہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کے لیے نوٹس جاری کیے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف عدالت حکم جاری کرسکتی ہے ؟ کیا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف درخواست قابل سماعت ہے؟
ڈی جی نیب کے وکیل نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کام سرکاری فنڈز کا آڈٹ کرنا ہے ہراسیت کے الزامات پر طلب نہیں کرسکتے۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پارلیمان کا حصہ ہے ؟
عدالت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو 20 جولائی کو طلب کرلیا۔
وکیل ڈی جی نیب نے کہا کہ اٹھارہ جولائی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے طلب کیا طلبی کا حکم نامہ معطل کیا جائے۔
عدالت نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سٹے آرڈر کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیا۔

