پاکستان

دعا زہرا کی گمشدگی کے وقت ظہیر کی کراچی میں موجودگی کا انکشاف

جولائی 16, 2022

دعا زہرا کی گمشدگی کے وقت ظہیر کی کراچی میں موجودگی کا انکشاف

پاکستان کے شہر کراچی کی پولیس نے دعا زہرا کیس میں پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ شرقی کی عدالت میں دعا زہرا اغوا کیس کے تفتیشی افسر نے رپورٹ میں ملزم ظہیر کی لڑکی کے اغوا کے وقت کراچی میں موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔

سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں دعا زہرا کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار مہدی کاظمی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں دعا زہرہ کیس کے تفتیشی افسرنے عدالت میں پیش رفت رپورٹ جمع کروائی۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ مقدمے میں 33 ملزمان نامزد ہیں، مقدمے میں ملزم ظہیر کی والدہ نور بی بی سمیت 8 خواتین بھی نامزد ہیں،رپورٹ میں پولیس نے ظہیر سمیت دیگر ملزمان کو عدم گرفتار قرار دیا ہے۔

پیش کردہ رپورٹ کے مطابق میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کم عمر ہے ملزم ظہیر کا سی ڈی آر ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دعا زہرا کے اغوا کے وقت ظہیر کراچی میں موجود تھا۔

ملزمان کیخلاف سی ڈی آر سامنے آنے کے بعد ٹھوس ثبوت موجود ہیں جس کی بنیاد پر ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ پولیس نے ملزمان کیخلاف زیر دفعہ 363 اور کم عمری میں شادی کی دفعات شامل کرنے کی اجازت بھی مانگ لی ہے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ظہیر کی 16 اپریل کو دعا زہرا کے لاپتہ ہونے کے وقت کراچی میں موجودگی ثابت ہوئی ہےہم غیر جانبداری سے تفتیش کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی پنجاب سے بازیابی کیلئے محکمہ سندھ سے اجازت طلب کی جارہی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے