پنجاب کی تاریخ کے اہم ترین ضمنی انتخابات، 20 حلقوں میں پولنگ مکمل
لاہور سمیت پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ ووٹرز نے شام پانچ بجےتک اپنے ووٹ کاسٹ کیے.
پنجاب میں 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کو جنرل الیکشن سے قبل صوبے میں عوام کی نبض چیک کرنا بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی حتمی پولنگ سکیم کے مطابق مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار آٹھ سو 98 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا.
ان بیس حلقوں میں کل 3131 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ۔ مردانہ پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700 جبکہ 1700 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ۔
خیال رہے کہ یہ ان 20 حلقوں میں انتخاب ہو ا جن کے منتخب اراکین نے وزیراعلٰی کے انتخاب میں تحریک انصاف کی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر حمزہ شہباز کو ووٹ دیا بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ان تمام اراکین کو ڈی سیٹ کر دیا تھا۔
مسلم لیگ ن نے تقریباً تمام ٹکٹس ان منحرف اراکین کو دیے ہیں جنہوں نے وزیراعلٰی کے انتخاب میں ان کا ساتھ دیا تھا۔ جبکہ تحریک انصاف اپنے امیدواروں کو ہی سامنے لائی ہے۔

