پاکستان

چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، استعفی دیں: عمران خان

جولائی 18, 2022

چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، استعفی دیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ان کو الیکشن میں ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود حکومت نے سرکاری مشینری الیکشن میں استعمال کی۔ ہر جگہ لوگوں کو پولیس کے ذریعے ڈرایا گیا۔

’مجھے سب سے زیادہ افسوس چیف الیکشن کمشنر پر ہوا۔ انہوں نے 40 لاکھ لوگوں کو ووٹرز لسٹوں سے مردہ قرار دے کر خارج کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کو جتانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اس الیکشن کمیشن پر ہمارا کوئی اعتماد نہیں۔ سینیٹ انتخابات میں سپریم کورٹ کی اجازت کے باوجود انہوں نے ووٹ کو قابل شناخت نہیں بنایا۔‘

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا الیکشن کمشنر پر کوئی اعتماد نہیں۔ ’ہمارا ان پر اعتماد نہیں لیکن یہ ہم پر مسلط ہو کر بیٹھا ہوا ہے اور ن لیگ سے ملا ہوا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ الیکشن پنجاب کے ضمنی انتخابات کی طرح ہوئے تو بحران بڑھے گا۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ ملک کے معاشی بحران کے حل کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور استحکام کے لیے شفاف الیکشن ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے ایک مصنوعی سیاسی بحران پیدا کیا گیا۔

’اکنامک سروے کے مطابق ہمارے آخری دو سال میں سب سے زیادہ گروتھ ہماری آخری دو سالوں میں ہوئی۔ ہم نے کورونا کے باوجود ملک میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور صنعت درست راستے پر تھے اور ملک میں سب سے زیادہ ڈالر آرہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ان کی حکومت گرائی جارہی تھی تو شوکت ترین نے اس کے خطرات سے آگاہ کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے