پاکستان

عمران کا دباؤ مسترد،اسمبلیاں مدت پوری کریں گی:حکمران اتحاد کا فیصلہ

جولائی 19, 2022

عمران کا دباؤ مسترد،اسمبلیاں مدت پوری کریں گی:حکمران اتحاد کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی،قبل از وقت انتخابات نہیں ہو سکتے۔

منگل کو اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اس حوالے سے ابہام پیدا کرنے اور شوشے چھوڑنے سے گریزکیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی حکومتوں کو بھی حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کریں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان عدلیہ کے کندھوں پر چڑھ کر آئین پر وار کرنا چاہتا ہے۔ پی ٹی آئی کو مرضی کا آرمی چیف،مرضی کا چیف جسٹس، مرضی کا چیف الیکشن کمشنر اور کٹھ پتلی صدر چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے پی ٹی آئی کی 20 میں پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ہمارا ووٹ بینک ہمارے ساتھ ہے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ برسوں سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔ ضمنی الیکشن میں اسٹبلشمنٹ کا کردار غیر جانبدارانہ رہا جس کی تعریف کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم با آواز بلند کہتے ہیں کہ پارلیمان کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دوسروں کو چیری بلاسم کہتا ہے تم خود کیا ہو،تم خود سر سے پاؤں تک خوشامدی ہو۔عمران خان ذہنی مریض بھی ہے اور سازشی بھی۔یہ طوفان تھمے گا بھی اور اس کے آگے بند باندھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا مشکل معاشی فیصلے کئے۔ ہمیں معلوم تھا کہ بارودی سرنگیں بچھی ہیں لیکن ملک کو چھوڑ کر بھاگا نہیں جاتا۔
جے یو آئی ف کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ اگر عدالت عمران کے حق میں فیصلے کرے تو ٹھیک ورنہ یہ عدلیہ پر وار کرتا ہے۔آج ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ اگر یہ نہ رکا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ اگر عمران خان مزید وزیراعظم رہتا تو یہ ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے