پاکستان انسانی اسمگلنگ کی واچ لسٹ سے باہر
امریکا نے انسداد انسانی اسمگلنگ سے متعلق پاکستانی اقدامات کو سراہتے ہوئے درجہ 2 واچ لسٹ سے نکال دیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے رپورٹ کا اجرا کر دیا ہے جس میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں دیرپا کارکردگی دکھانے والے ممالک کی تعریف کی گئی ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسداد انسانی اسمگلنگ کے اقدامات پر کورونا وائرس کی وبا کے ممکنہ اثرات کے باوجود حکومتِ پاکستان کی کارکردگی مجموعی طور پر بہترین رہی اسی کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کو درجہ کی واچ لسٹ سے نکالا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے اور موجودہ کاوشیں دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان یہ اہداف بھی حاصل کرلے گا۔
رپورٹ میں سندھ میں مقامی طاقتور افراد کے بھٹوں اور کھیتوں میں جبری مشقت کروانے میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے زور دیا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان وفاقی اور صوبائی سطح پر جبری مشقت سمیت تمام قسم کی اسمگلنگ کے مقدمات اور سزاؤں میں اضافہ کرے۔
واضح رہے کہ انسانی اسمگلنگ کی درجہ 2 واچ لسٹ وہ ممالک ہوتے ہیں جن پر انسداد انسانی اسمگلنگ میں احکامات کی عدم تعمیل پرپابندی لگائی جاسکتی ہے۔

