پاکستان

دعا زہراکے شوہرظہیر احمد کی جان کو خطرہ،پولیس افسران کو نوٹس جاری

جولائی 22, 2022

دعا زہراکے شوہرظہیر احمد کی جان کو خطرہ،پولیس افسران کو نوٹس جاری

سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں ظہیر کی سیکیورٹی سے متعلق درخواست پر اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن اورکو دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

جمعے کو ہائیکورٹ میں جان کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی سے متعلق ظہیر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ گزشتہ روز سٹی کورٹ میں مشکوک مسلح لوگ نظر آئے۔ میرے موکل اور دعا کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ریکارڈ پر ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی کورٹ نے تحفظ دینے سے انکار کیا۔ محکمہ سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل، محکمہ سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی انوسٹیگیشن، انوسٹیگیشن افسر و دیگر کو 29 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔

قبل ازیں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ کے روبرو ظہیر اور شبیر کی بینک اکاؤنٹس اور قومی شناختی کارڈ کی بحالی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست کے وکیل نے کہا کہ عدالتی احکامات پر اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔ جس درخواست میں حکم دیا گیا وہ نمٹا دی گئی ہے۔ بینک اکاؤنٹس بحالی کے لیے عدالتی حکم درکار ہے۔

دوران سماعت مہدی کاظمی کے وکیل کی جانب سے اچانک ساتھی وکیل پیش ہوئے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ اس میں تو مہدی کاظمی کے وکیل کو نوٹس ہی نہیں۔ عدالت نے سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، وفاقی سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور ڈی جی نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 29 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے