ممنوعہ فنڈنگ ثابت،اکبر ایس بابر کا عمران خان سے فوری استعفے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے عمران خان سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
منگل کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ کیس آئی اوپنر ہے، آزاد الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کردی ہے اور پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس دے دیا ہے، تمام الزامات ثابت ہوچکے ہیں، اس لیے سمجھتاہوں کہ وقت آگیا ہےکہ تحریک انصاف میں رجیم چینج ہو۔
اکبر ایس بابر مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے، اس بڑے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کو اس کے نظریاتی کارکنان کے حوالے کرنا چاہیے۔
فیصلے سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان تھی اور اس میں جیت سچائی کی ہوگی، فیصلہ جو بھی آئے ہم سپریم کورٹ میں بھی جائیں گے۔
اکبر ایس بابرکا کہنا تھا کہ پوری توقع ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا، 8 سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں، اللہ سے انصاف کی دعا کی ہے۔

