پاکستان

بامقصد تحقیق سے قومی مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا:ڈاکٹر مختار

اگست 2, 2022

بامقصد تحقیق سے قومی مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا:ڈاکٹر مختار

پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریس اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گا،ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کے لئے جامعات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

منگل کو چیئرمین ایچ ای سی کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی میڈیا بریفنگ کے دوران، ڈاکٹر مختار نے کہا کہ ایچ ای سی جامعات ،تحقیقی تنظیموں اور دیگر سرکاری محکموں سے ملُکر ملک کو درپیش مسائل بالخصوص پانی کی کمی اور سیلاب، فوڈ سیکیورٹی ،موسمیاتی تبدیلی کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومیں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں، تاہم وہ اوپر اٹھنے اور آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں،ہمیں مل کر اپنے مقاصد کو ترجیح دیتے ہوئے اور شعبہ جاتی ترقی کے لیے ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے ملک کو ان مسائل سے نکالنا ہے۔

پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے شعبوں میں منتخب ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور تحقیقی مراکز میں ہونے والی تحقیق کو مقامی اور قومی مسائل کا حل فراہم کرنا چاہیے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے اعلی تعلیم کے شعبے کو درپیش بڑے چیلنجز معیار، گورننس اور ٹیکنالوجی کی تیاری کی نشاندہی کی اور یقین دلایا کہ ایچ ای سی معیار اور گورننس میں مسلسل بہتری کے لیے مزید کوششیں کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وہ یونیورسٹیاں پیچھے رہ جائیں گی جو جو اعلی تعلیم میں دنیا کے جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہوں گی اور خود کو تکنیکی دنیا کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کو نظر انداز کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی رسائی کو بڑھانے، معیار کو بہتر بنانے اور مطابقت کو یقینی بنانے کے مینڈیٹ کے لیے پرعزم ہے، تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو وسعت دینے میں احتیاط پر زور دے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت نے چیلنجوں کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی حمایت کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔

"انہوں نے وائس چانسلرز، فیکلٹی اور طلباء کو یقین دلایا کہ ایچ ای سی آپ سب کو سہولت فراہم کرے گا۔ اور ہم اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایک ریگولیٹری ادارے کے طور پر ایچ ای سی کا کردار عمل کو ہموار کرنا اور معیار کو بہتر بنانا ہوگا۔

ڈاکٹر مختار نے امید ظاہر کی کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔

واضح رہے کہ سالہا سال سے تدریس و تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے خوش کن بیانات آ رہے ہیں لیکن صورت حال میں کوئی خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آتی۔

ہمارا المیہ یہ ہے کہ خوبصورت اعلانات اور بیانات کچھ عرصہ خوش رنگ تتلیوں کی طرح فضا میں پر افشاں رہتے ہیں اور پھر وقت کی دھند میں تحلیل ہو جاتے ہیں۔

موجودہ چیئرمین جنہوں نے دوسری مرتبہ یہ عہدہ سنبھالا ہے ان سے تعلیمی حلقے بہت سی خوش گمانیاں رکھتے ہیں اور یہی ان کا اصل امتحان ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے