ثابت ہو چکا عمران خان غیر ملکی کٹھ پتلی:مولانا فضل الرحمن
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے ہو شربا حقائق سے ثابت ہو چکا عمران خان غیر ملکی کٹھ پتلی ہے۔
بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے۔ان کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہئے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے ۳۵۱ غیرملکی کمپنیوں سے فنڈ لئے،اس نے اسرائیل اور بھارت سے بھی مدد لی۔ یہ عالمی ایجنڈے پر اقتدار میں لایا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن کا فیصلہ آیا تو یہ کہتے تھے فیصلہ ہمارے حق میں آ گیا،اب ہوش آیا تو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور آئین کی خلاف ورزی کی۔ سپریم کورٹ اس پر بہت سے لوگوں کو نا اہل قرار دے چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے یہ ثابت ہو چکا کہ عمران خان غیرملکی ایجنڈے پر ہے۔اس وقت مسئلہ ملکی دفاع کا ہے۔ آج ہر فرد جو دفاع وطن کے جذبے سے سرشار ہے اس ہر لازم ہے کہ ریاست کے ساتھ کھڑا ہو۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کو پارٹی عہدے اور عارف علوی کو صدارت سے استعفی دینا چاہئے۔

