الیکشن کمیشن کا ق لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن روکنے کا حکم
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چودھری شجاعت کی درخواست پر ق لیگ کے انٹراپارٹی الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے ق لیگ کے پارٹی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔
جمعے کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی درخواست پرسماعت کی، جس میں وکیل عمر اسلم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا ایک نام نہاد اجلاس ہوا، جس میں پارٹی صدر اور سیکرٹری جنرل کو عہدے سے ہٹایا گیا۔ اجلاس کے حوالے سے پنجاب کے سیکرٹری کامل علی آغا نے ایک لیٹر جاری کیا۔
وکیل نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن کو ایسی کسی تبدیلی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے پاس پارٹی صدر کو ہٹانے کا کوئی اختیار نہیں۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات 10 اگست کو شیڈول ہیں، جسے چودھری شجاعت حسین نے بطور پارٹی سربراہ چیلنج کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے سماعت کے بعد کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے تک کسی بھی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔

