سوشل میڈیا پر کارکردگی ضروری، پختونخوا حکومت نے انفلیونسرز بھرتی کرلیے
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت نے سوشل میڈیا انفلیونسرز بھرتی کرلیے۔
دستاویزات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع سے ایک ہزار 96 میڈیاانفلیونسرزکو بھرتی کیا گیا ہے۔ منصوبے کے لیے 87 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
سوشل میڈیا انفلیونسرکو ایک سال کنٹریکٹ پر رکھا گیا ہے جنہیں ماہانہ 25 ہزار روپے تنخواہ دی جائے گی۔ انفلیونسرز حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی کو سوشل میڈیا پر اجاگرکریں گے
کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اور پولیو ویکسینیشن سے متعلق آگاہی بھی میڈیا انفلیونسرز کی ذمہ داری ہوگی۔
وزیراعلی کے مشیر بیرسٹر سیف نےُکہا ہے کہ میڈیا انفلوانسرز انٹرن پروگرام حکومت اور عوام کا رابطہ موثر بنانے کے لیے ہے۔ ان انٹرنیز کا کسی جماعت یا اس کی تشہیر سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال انٹرن شپ کے لیے سوشل میڈیا انفلوانسرز میرٹ پر شفاف طریقے سے بھرتی ہوئے،آن لائن نظام کے تحت بھرتی تمام میڈیا انفلوانسرز کا ریکارڈ آن لائن موجود ہے طیہ انٹرنیز صوبے کے باسیوں کو درپیش مسائل کو اجاگر اور حل کے لیے متعلقہ فورم تک پہنچائیں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پولیو سمیت وبائی امراض کے دوران عوام میں آگہی اور مفید معلومات پہنچانا ان کے فرائض میں شامل ہے۔ انفلوانسرز عوام کو جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈوں سے آگاہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیز میں 0.4 فیصد معذور، 4 فیصد خواتین، 16 فیصد یتیم نوجوان اور 34 فیصد غریب مزدور پیشہ افراد کے بچے شامل ہیں۔

