توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان نا اہل ہو جائے گا:وزیرِداخلہ
پاکستان کے وفاقی و یرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس سے واضح ہو چکا ہے کہ عمران خان فارن ایجنٹ ہے۔ہیلی کاپٹر حادثہ میں ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں۔
پیر کو فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے دو انکوائریاں کر رہا ہے۔ ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ٹرینڈ چلانے والوں کے خلاف اور دوسری فارن فنڈنگ کے معاملے کی انکوائری کر رہا ہے۔انکوائریوں کے نتیجے میں جو جو ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وزیرِداخلہ نے کہا کہ عمران خان اب کہہ رہا ہے کہ تیرہ کو جلسہ ہو گا اور پھر ایک ماہ کا الٹی میٹم دوں گا۔ کس بات کا الٹی میٹم؟پوری قوم کے سامنے عمران نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کے ہوتے ہوئے الیکشن نہیں لڑیں گے۔عمران خان پہلے اسمبلیاں توڑیں،چیف الیکشن کمشنر کو ہٹائیں پھر الٹی میٹم دیں ورنہ اس طرح کا الٹی میٹم دو نمبری ہو گی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے اگر بلیک میلنگ کا راستہ اپنایا تو پچیس مئی سے برا حشر ہوگا اور اس کے لئے مکمل تیاری ہے۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی یا ٹی ایل پی جلسے کریں یہ ان کا حق ہے۔اس کے لئے جگہیں مختص ہیں لیکن اگر کسی نے عوام کے راستے بند کرنے کی کوشش کی تو کارروائی ہو گی۔
وفاقی وزیرِداخلہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل قرار دیا جا سکتا ہے تو توشہ خانہ تو سیدھا سادہ کیس ہے۔ عمران خان نے گھڑی عرب امارات میں فروخت کی اور ملک کی بدنامی بھی ہوئی۔ توشہ خانہ کیس کا جب بھی ریفرنس دائر ہوا عمران خان نا اہل ہو جائیں گے۔

