شہباز گِل اسلام آباد میں گرفتار، دفعات کیا لگائی گئی ہیں؟
فوج کے خلاف نجی نیوز چینل اے آر وائے پر منفی ریمارکس کے بعد مقدمہ درج کر کے تحریک انصاف کے چیئرمین کے چیف آف سٹاف شہباز گِل کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہباز گل پر درج ذیل الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دفعہ124-A فتنہ یا بغاوت
دفعہ120. جرم کرنے کے لیے خفیہ منصوبہ بنانا.
131۔ بغاوت پر اکسانا:کسی سپاہی، نیوی یا فضائیہ کے اہلکار کو اس کی ڈیوٹی سے بہکانے کی کوشش کرنا۔
153. فساد برپا کرنے کے ارادے سے جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کرنا.
دفعہ 505. عوامی فساد کو ہوا دینے والے بیانات
دفعہ 506. مجرمانہ نوعیت کی دھمکی
دفعہ121۔ جنگ چھیڑنے یا چھیڑنے کی کوشش کرنا یا پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کی ترغیب دینا
دفعہ34. متعدد افراد کے ذریعہ کیے گئے اعمال
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے شہباز گل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر نجی ٹی وی میں ان کی گفتگو میں مبینہ طور پر آرمی کے اہلکاروں اور افسران کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں درج کی گئی۔
منگل کی شام وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ نجی چینل پر فوج کے خلاف بدزبانی عمران خان کی ہدایت پر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ناپاک جسارت تھی اور قانون میں اس قسم کی شکایات صوبائی حکومتیں کر سکتی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
قبل ازیں مراد سعید نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شہباز گِل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے گئے۔

