9 حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس
پاکستان کی اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں انتخابات روکنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔
بدھ کوہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کے شیڈول کے خلاف پی ٹی آئی درخواست پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا شیڈول معطل کرنے اور اپنے ارکان کی مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کی بجائے اکٹھے تمام استعفے منظور کرنے کی استدعا کی۔
وکیل فیصل چوہدری نے دلائل دیے کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن کو 9 نشستوں پر الیکشن کرانے سے روکا جائے ، ہم چاہتے ہیں ہم نے 123 استعفی دیے ہیں سب پر الیکشن کرایا جائے صرف 9 پر نا ہو۔
عدالت نے 9 حلقوں میں انتخابات روکنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ 16 کو دیکھیں گے ہو سکتا ہے وہ کہیں سارے کا سارا ہی الیکشن ہو جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔

