پاکستان

حکومت اور پولیس کی درخواست مسترد، شہباز گل جیل منتقل

اگست 12, 2022

حکومت اور پولیس کی درخواست مسترد، شہباز گل جیل منتقل

پاکستان کی فوج کے اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے عدالت میں پیش کر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کو مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو جیل بھیج دیا.

جمعے کی صبح جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پراسیکیوٹر اور ملزم کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل بھی عدالت نے مسترد کر دی۔

عدالت نے پولیس کی نظر ثانی اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا حکم درست ہے۔‘

پولیس کی حراست میں عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ ان سے تفتیش کرنے والے پوچھتے ہیں کہ وہ جنرل فیض حمید سے کتنی بار ملے ہیں۔

قبل ازیں جمعے کی صبح عدالت دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیے جانے پر شہباز گل نے بتایا کہ ان پر تشدد کیا جاتا ہے جس کے نشانات موجود ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ فزیکل چیک اپ نہیں کیا گیا اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ ساری ساری رات جگایا جاتا ہے۔

شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش میں ان سے عمران خان کے متعلق سوال پوچھے جاتے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے