سات لاکھ گندے انڈے
Reading Time: < 1 minuteبرطانیہ میں خطرناک کیمیکل سے آلودہ سات لاکھ انڈے سپر مارکیٹ میں فروخت کیلئے پھیلائے گئے، حکام کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ برطانیہ کی فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی نے پہلے کہاتھاکہ کیمیکل سے آلودہ انڈوں کی تعداد اکیس ہزار ہے مگر اب ایجنسی کاکہناہے کہ یہ تعداد زیادہ ہے تاہم چونکہ یہ سالانہ استعمال ہونے والے انڈوں کی تعداد کا صرف اعشاریہ صفر سات ہے اس لیے عوامی صحت کو زیادہ خطرات لاحق نہیں ۔ ڈچ اور بلجیم پولیس حکام ایسے پولٹری فارمز پر چھاپے مار کرتلاشی لے رہے ہیں جہاں یہ خدشہ ہے کہ خطرناک کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے۔
جراثیم کش ادویہ کو انسانی صحت کیلئے مضر قراردیتے ہوئے انسانی غذا سے منسلک اشیاء میں اس کے استعمال پر پابندی عا ئدہے لیکن اس کے باوجود بعض پولٹری فارمز نے نیدرلینڈ میں یہ کیڑے مارے دوائی استعمال کی ۔ یورپ میں نیدر لینڈ کو انڈوں کی پیداوار اور برآمد کا سب سے بڑا ملک سمجھا جاتاہے۔ جرمنی سمیت کئی ممالک نے سپر مارکیٹوں سے لاکھوں انڈے ہٹا دیے ہیں۔ تحقیقات کے دوران ایک سو پولٹری فارمز بند کیے گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بلجیم میں حکام انڈوں میں خطرناک کیمیکل کی ملاوٹ سے آگاہ تھے مگر بروقت معلومات عام نہ کی گئیں۔