عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
پیمرا کی جانب سے سنیچر کی رات گئے جاری کیے اعلامیے میں تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کی براہ راست تقریر اور خطاب نشر نہ کریں، تاہم عمران خان کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر کی جاسکتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کی تقریر پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے۔‘
’عمران خان کی ریکارڈڈ تقریر بھی ٹائم ڈیلے کے طریقہ کار کے تحت ہی دکھائی جاسکتی ہے تاکہ پیمرا قوانین کے مطابق ان تقاریر کی مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول کو ممکن بنایا جاسکے۔‘
پیمرا عمران خان کی ایف نائن پارک اسلام آباد میں کئی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ریاستی اداروں کے خلاف مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف ان کے بیانات آرٹیکل 19 کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
عمران خان نے سنیچر کی رات ایف نائن پارک اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شہباز گل کو اس طرح اٹھایا گیا جیسے وہ کوئی بہت بڑا غدار ہو، اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔‘
خاتون مجسٹریٹ کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ ’آپ کو پتا تھا کہ اس (شہباز گِل) پر ظلم ہوا ہے اور پھر بھی آپ نے اسے ضمانت نہیں دی۔ مجسٹریٹ صاحبہ زیبا، آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے۔‘