مونس الہی کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے کے اخراج کا حکم
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست منظور کر لی۔ عدالتی حکم میں ایف آئی اے میں درج 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کردیا گیا۔
پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ہائیکورٹ کے جج جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیس کی سماعت میں فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ انکوائری کس طرح شروع ہوئی، یہ بھی بتایا جائے کہ اس معاملے میں کسی فرد یا ادارے کا نقصان ہوا یا نہیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان کے اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز ہوئیں، تمام ٹرانزیکشنز کا فائدہ مونس الہٰی کی کمپنی کو پہنچا۔ کیس صرف این او سی کے اجراء کا نہیں منی لانڈرنگ کا ہے۔ این او سی کے اجراء سے کمپنیوں کے شئیرز کی منتقلی تک مونس الہٰی سے متعلق ثبوت موجود ہیں۔
مونس الہٰی کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نیب اس معاملے کی انکوائری کر کے اسے بند کر چکا ہے۔ اس کیس میں بینک، نجی ادارہ یا شخص شکایت کنندہ نہیں ہے۔عدالت اخراج مقدمہ کی درخواست منظور کرے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بعد ازاں سناتے ہوئے مذکورہ حکم جاری کر دیا۔