پیمرا کا اے آر وائی نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس،سات دن میں جواب طلب
Reading Time: < 1 minuteپاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں نازیبا اور متعصبانہ جملوں و الفاظ کے نشر کرنے پر چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن میں جواب طلب کر لیا۔
جمعرات کو پیمرا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام “آف دی ریکارڈ” میں بازیبا اور متعصبانہ جملوں و الفاظ نشر کرنے پر چینل ہذا کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب دہی کا حکم دیا گیا ہے۔
متعصبانہ تبصرے پر نہ صرف پروگرام اینکر کا رویہ انتہائی غیر پیشہ روانہ تھا بلکہ اینکر خود بھی مہمان کے جملوں پر ہنستے رہے جو کہ اینکر کے پیشہ ورانہ کردار اور چینل کی ایڈیٹوریل پالیسی پر بھی کڑا سوالیہ نشان ہے۔
مذکورہ ہتک آمیز مواد نشر کرنے سے واضح ہوتا ہے کہ چینل کا ایڈیٹوریل بورڈ اور موثر تاخیری نظام بری طرح ناکام ہو چکے ہیں جو کہ پیمرا قوانین اور عدالتی احکامات کی سراسر خلاف ورزی ہے۔