سپیکر وقت بتائیں تاکہ ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش ہوں: تحریک انصاف
پاکستان میں عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے نکالی گئی جماعت تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اُن کے ارکان قومی اسمبلی کو تنخواہ اور مراعات نہیں مل رہیں اور اس حوالے سے حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔
جمعرات کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک بیان میں حکومت پر ’جھوٹ بولنے‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے ارکان کو تنخواہ نہیں مل رہی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی میں نہیں آ رہے لیکن تنخواہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جج صاحبان کو میڈیا پر آنے والی ہر خبر کو پہلے تصدیق کے عمل سے گزارنا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک اور حکومتی جھوٹ تھا۔‘
ان کے مطابق ’مستعفی ارکان کی تنخواہیں معطل ہیں اور کسی رکن کو تنخواہ نہیں مل رہی۔‘
فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ ’آج سپیکر کو خط لکھا جا رہا ہے اور کہا ہے کہ وقت بتائیں کب ممبران اسمبلی اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے ایک بار پھر آپ کے پاس آئیں تاکہ نیا انتخابی عمل شروع کیا جا سکے۔‘
رواں برس اپریل میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پی ٹی آئی کے تمام ارکان نے استعفے دے دیے تھے، جن میں سے بعدازاں چند ارکان کے استعفوں کو سپیکر قومی اسمبلی نے منظور کیا تھا اور ان نشستوں پر ضمنی الیکشن کرائے گئے تھے۔

