چین کا سفری پابندیوں کےمکمل خاتمے کا اعلان، کاروبار میں تیزی
Reading Time: < 1 minuteچین میں کورونا وبا کے بعد سے عائد سفری پابندیوں کا مکمل خاتمہ کے کے شہریوں کو تین سال بعد بیرون ملک سفر کی مکمل آزادی واپس مل گئی ہے جبکہ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارچ 2020 سے عائد پابندیوں کے خاتمے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو طویل عرصے سے باقی ممالک سے کٹ کر رہ گئے تھے۔
چین نے کورونا پابندیاں ختم کرتے ہوئے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط بھی ہٹا دی ہے۔
پیر کی رات گئے حکومت نے اعلان کیا کہ 8 جنوری سے چین آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑے گا۔
چین کے اس اعلان کے بعد دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے بحال ہونے اور تیل کی پیداوار میں اضافے کی امید پیدا ہوئی ہے جبکہ بڑی تعداد میں چینی شہری بیرون ملک سفر کے لیے ٹکٹس خرید رہے ہیں۔
منگل کو چین کے شنگھائی انڈکس کے علاوہ سنگاپور اور ممبئی کی سٹاک مارکیٹ میں بہتری کا رجحان دیکھا گیا جبکہ دن کے اختتام پر ٹوکیو کی سٹاک مارکیٹ جنوی کوریا کے مقابلے میں قدرے آگے تھی۔
جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص میں 0.6 فیصد کے اضافے کے بعد عالمی حصص کے انڈیکس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یورپی 600 انڈیکس میں 0.5 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا جبکہ امریکی سٹاک مارکیٹ میں 0.7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔