عالمی خبریں

یوکرین کے میزائل حملے میں 89 روسی فوجی ہلاک، ذمہ دار موبائل فون

جنوری 4, 2023 < 1 min

یوکرین کے میزائل حملے میں 89 روسی فوجی ہلاک، ذمہ دار موبائل فون

Reading Time: < 1 minute

روس کی وزارت دفاع نے یوکرین کے میزائل حملے میں 89 روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار غیرقانونی طور پر موبائل فون استعمال کرنے والے فوجی جوانوں کو ٹھہرایا ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم فوجیوں کی جانب سے موبائل فون کا وسیع پیمانے پر غیرقانونی استعمال ہی حملے کی وجہ بنا ہے۔

’اسی وجہ سے دشمن حملہ کر سکا اور میزائل حملے کے لیے فوجیوں کے مقام کا تعین کرنے میں کامیاب ہوا۔‘

اتوار کو یوکرین نے روس کے زیر قبضہ علاقے میکیوکا پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 89 روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس حادثے کے بعد روسی تجزیہ کاروں نے حکومت پر شدید تنقید کی ہے جن کے خیال میں یوکرین میں بے دلی کے ساتھ جنگی مہم چلائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی روسی شہری تنقید کرتے نظر آئے ہیں جو صدر ولادیمیر پوتن کے بجائے عسکری کمانڈروں کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے منگل کو ویڈیو خطاب میں حملے کا حوالہ دیے بغیر کہا کہ روس بڑے حملوں کے لیے تیار بیٹھا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ جنگی صورتحال بدلنے اور اپنی شکست میں تاخیر کے لیے روس سب کچھ آزمانے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’روس کی اس حکمت عملی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، کسی بھی قسم کے نئے حملوں کی کوشش ناکام ہو گی اور دہشت گردوں کو یقیناً شکست ہو گی۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل روس نے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 63 بتائی تھی جو اب 89 ہو گئی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے