پاکستان

الیکشن کمیشن: پیش نہ ہونے پر عمران خان اور اسد عمر کے وارنٹ جاری

جنوری 10, 2023

الیکشن کمیشن: پیش نہ ہونے پر عمران خان اور اسد عمر کے وارنٹ جاری

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

منگل کو چار رُکنی الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئےاِن رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مقدمے میں جاری کیے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جانبدارانہ ہے اور اس کے خلاف ہائیکورٹ میں جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کو جواب دینے کے لیے طلب کیا تھا۔

عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری نے پیش ہونے کے بجائے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں جن کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 جنوری تک پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر تین جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

فیصلے کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانا ہوں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے توہین کے نوٹسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت د یتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے نہیں، بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کیس میں موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کئے، تاہم وہ پیش نہیں ہوتے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دوران سماعت ہدایت کی تھی کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں کی سماعت جلد مکمل کی جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے