ادریس خٹک کیس،سیکرٹری دفاع اور جج ایڈووکیٹ جنرل سے 10 دن میں جواب طلب
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے انسانی حقوق کے کارکن ادریس خٹک کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الرحمن اور جج ایڈووکیٹ جنرل بریگیڈیئر وسیم الدین سے دس دن کے اندر جواب طلب کر لیا۔
عدالت عالیہ نے 31 اکتوبر 2022 کو رجسٹرار ملٹری کورٹ کو اردیس خٹک کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
مذکورہ حکم کی خلاف ورزی کرنے اور ایک ماہ کے بجائے تین ماہ گزرنے کے باوجود عدالتی حکم پر عملررآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔عدالت عالیہ نے دس دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں ادریس خٹک کے وکلا انعام الرحیم،ملک وحید اختر،ڈاکٹر محمد عثمان اور عبدالباسط تنولی نے دائر کردہ درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ آئین کےآرٹیکل 37D کے تحت فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، ادریس خٹک کو 13نومبر 2019 اٹھایا گیا،ملٹری کورٹ نے نومبر 2021 میں انہیں چودہ سال کی سزا سنائی ۔فیصلے کے خلاف اپیل مقررہ مدت کے اندر دائر کر دی گئی۔
وکلا کا کہنا تھا کہ لگ بھگ ایک سال گزرنے کے باوجود نہ تو فیصلے کی مصدقہ کاپی فراہم کی گئی اور نہ ہی اپیل کو سماعت کے لئے مقرر کیا گیا۔
ادریس خٹک کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ درخواست گزار ایک سویلین تھا اور ایف جی سی ایم کسی شہری پر مقدمہ چلانے کا مجاز قانونی فورم نہ تھا، درخواست گزار کو مجرم قرار دیا گیا اور نومبر 2021 میں اسے 14 سال کی سزا سنائی گئی اور اسے سول جیل بھیج دیا گیا۔
درخواست گزار کو اس کے مقدمے کی کارروائی کی کاپی نہیں دی گئی تاکہ وہ ملٹری کورٹ آف اپیل سے رجوع کر سکے۔اس کے پاس جو بھی زبانی معلومات دستیاب تھیں اس کی بنیاد پر، درخواست گزار نے PAA 1952 کے سیکشن 133B کے تحت اپنے وکیل کے ذریعے ایک اپیل دائر کی اور اپنی اپیل کی تیاری کے لیے ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے مقدمے کی کارروائی کی کاپی فراہم کرنے کی بھی درخواست کی

