شمسی توانائی سے گھروں میں بجلی پیدا کرنے والوں کو پوری قیمت ملے گی: نیپرا
شمسی توانائی سے گھروں میں بجلی پیدا کرنے والے صارفین کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اب فی یونٹ کم قیمت پر ادائیگی نہیں کریں گی۔
نیپرا نے چند ماہ قبل عندیہ دیا تھا کہ نیٹ میٹنرنگ کے ذریعے واپڈا کو بجلی مہیا کرنے والے صارفین کو اب فی یونٹ کم قیمت ادا ہو گی جس پر ملک بھر سے سولر صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
تاہم حکومت نے ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے سولر صارفین کو رعایت دینے کے لیے نیپرا کو خط بھی لکھا تھا۔
اب سوموار کو ملک میں بجلی کی فراہمی کی نگرانی کرنے والے ادارے نیپرا نے ڈسٹری بیوٹڈ جنریشن اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشن 2015 میں مجوزہ ترمیم پر صارفین کے حق میں فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے صارفین ڈسکوز کو اضافی بجلی 19 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کرتے رہیں گے۔
’اتھارٹی کے مطابق اس فیصلے سے ملک میں نیٹ میٹرنگ کو مزید فروغ ملے گا۔‘
اس سے قبل نیپرا نے ریگولیشنز میں ترمیم کے لیے سٹیک ہولڈرز اور عوام سے رائے مانگی تھی اور اس ترمیم پر مختلف سٹیک ہولڈرز اور میڈیا رپورٹس سے موصول تبصروں پر غور کرتے ہوئےعوامی سماعت بھی کی تھی۔

