ڈی ایچ اے کا تیندوا 6 گھنٹے بعد پکڑا گیا، حملے میں چار زخمی
اسلام آباد میں واقع ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس کو وائلڈ لائف اور راولپنڈی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے چھ گھنٹے سے زائد کی جدوجہد کے بعد زندہ پکڑ لیا۔
ادھر اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ تھانہ سہالہ کے علاقے ڈی ایچ اے فیز ٹو میں چیتے کے شہریوں پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.
پولیس کے مطابق وقوعہ کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں نامعلوم ملزم کے خلاف دفعہ 324/289 ت پ کے تحت درج کیا گیا۔ چیتا کسی نامعلوم شخص نے گھر میں پالا ہوا تھا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے بیان پر شہریوں نے سوشل میڈیا ردعمل میں کہا کہ یہ کسی جنرل یا ریٹائرڈ فوجی افسر نے پالا ہوگا اس لیے کچھ نہیں ہوگا.
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے ترجمان عثمان گجر نے رات گئے بتایا کہ وائلڈ لائف، ریکسیو اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے تیندوے کو زندہ پکڑ لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف کی ٹیم گھر میں گھسنے والے تیندوے کو پکڑنے کے بعد ان کو لے کر ڈی ایچ اے سے روانہ ہوگئی ہے۔
تیندوے کو پکڑنے کی جدوجہد کے دروان ان کے حملے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں دو عام افراد اور دو وائلڈ لائف کی ٹیم کے ممبران شامل ہیں۔
قبل ازیں دن میں عثمان گجر نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ریسکیو 1122 کو ڈی ایچ اے سیکٹر ٹو کے ایک گھر میں تیندوا گھسنے کی اطلاع ملی تھی۔
’اطلاع ملنے کے فوراً بعد ہماری ٹیم موقعے پر ہہنچ گئی جس کے بعد راولپنڈی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو اس کی اطلاع کر دی گئی۔‘
ریسکیو 1122 کی اطلاع کے بعد وائلڈ لائف کی ٹیم ڈی ایچ اے پہنچ گئی۔ وائلڈ لائف ٹیم پولیس، ریکسیو اہلکارو ں اور اسلام آباد انتظامیہ کے عملے کے ساتھ مل کر تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام ہوگئے۔
عثمان گجر نے بتایا تھا کہ تیندوا بھاگنے کی کوشش میں ریکسیو اہلکاروں اور وائلڈ لائف کی ٹیم پر حملہ آور ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریکسیو عملے کے مطابق تیندوا بھاگ کر ڈی ایچ اے کے ایک اور گھر کی بسیمنٹ میں گھس گیا۔
جمعرات کی سہ پہر کو تیندوا گھر میں گھسنے سے پہلے ایک شخص پر حملہ آور ہو کر اسے زخمی کیا۔

