کراچی میں پولیس آفس پر دہشت گردوں کا حملہ، آپریشن مکمل
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شارع فیصل کے قریب واقع کراچی پولیس آفس پر مسلح ملزمان نے حملہ کیا جس میں حملہ آوروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے.
پولیس اور رینجرز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ دو افراد حملے میں مارے گئے.
کراچی پولیس آفس پر حملے کا آپریشن مکمل ہونے کے حوالے سے سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ترجمان نے بیان جاری کیا جس میں ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ تمام دہشتگرد مار دیے گئے۔
قبل ازیں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بتایا تھا کہ ’کراچی پولیس چیف کے دفتر میں مسلح ملزمان نے داخل ہونے کی کوشش کی۔ حملے میں کراچی پولیس چیف محفوظ رہے۔
پولیس ذرائع سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق دو سے تین مسلح افراد نے کراچی پولیس آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
کراچی شارع فیصل پر ایف ٹی سی پل کے قریب کراچی پولیس چیف کا دفتر موجود ہے۔ یہ ایک حساس علاقہ ہے۔
یہاں سے چند قدم کے فاصلے پر افواج پاکستان کے بھی کئی دفاتر موجود ہیں، اس کے علاوہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس جانے کے لیے بھی اس لنک روڈ سے راستہ لیا جاتا ہے۔

