بلوچستان میں لیویز کی کارروائی، لاپتہ خاتون اور پانچ بچے بازیاب
بلوچستان کے ضلع بارکھان سے لاپتہ خاتون اور اُن کے پانچ بچوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔
حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لیویز فورس نے خان محمد مری کی لاپتہ اہلیہ اور پانچ بچوں کو تین مختلف کارروائیوں میں بازیاب کرا لیا ہے۔
لیویز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئیک رسپانس ٹیموں نے گزشتہ رات بارکھان، کوہلو، دکی اور ڈیرہ بگٹی کے اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے-
لیویز حکام کے مطابق خان محمد مری کی اہلیہ گراں ناز، ان کی بیٹی اور ایک بیٹے کو دکی بارکھان سرحدی علاقے سے بازیاب کرایا گیا۔
دوسری کارروائی میں ڈیرہ بگٹی بارکھان سرحدی علاقے سے خان محمد مری کے دو بیٹے بازیاب کیے گئے۔
پاکستان بھر میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لاکھوں ٹویٹس کے بعد بلوچستان حکومت پر دباؤ پڑا جبکہ سینکڑوں افراد نے مغویوں کی بازیابی کے لیے کوئٹہ میں دھرنا دیا۔

