روس کے ساتھ ہیں، چینی وزیر خارجہ کی ماسکو میں صدر پوتن سے ملاقات
Reading Time: < 1 minuteماسکو کے یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے سے قبل چین نے بدھ کو روس کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے یورپ کے دورے کے دوران اتحادیوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو میں ایک بڑی ریلی سے خطاب میں کہا کہ روس یوکرین میں اپنی ’تاریخی‘ سرزمین کے لیے لڑ رہا ہے، اور اس کے فوجی ’بہادری، دلیری اور جرات سے لڑ رہے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔‘
دوسری جانب یوکرین میں 24 فروری کو حملے کے ایک برس مکمل ہونے پر روسی میزائل حملوں میں اضافے کے خوف سے سکولوں کی کلاسیں پورے ہفتے کے لیے آن لائن کر دی گئی ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی، جو کہ یوکرین پر حملے کے بعد روس کا دورہ کرنے والے اعلٰی ترین چینی عہدیدار ہیں، نے صدر پوتن کو کہا ہے کہ بیجنگ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
جواب میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ ماسکو اور شراکت داری مزید بڑھانے کے لیے منتظر ہیں۔
امکان ہے کہ صدر شی جن پنگ جمعے کو امن کے حوالے سے تقریر کریں گے، لیکن کیئف کا کہنا ہے کہ جب تک روسی فوجیں یوکرین میں ہیں، امن پر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’یورپ اور جمہوری دنیا روس کی بلااشتعال اور مجرمانہ جنگ سے یوکرین کی سرزمین کو پاک کروائے اور ایسا ہماری ریاست ہی نہیں بلکہ یورپ اور دنیا کی طویل مدتی سلامتی کی ضمانت کے ساتھ ہونا چاہیے۔‘